اردو تھیسارس کی خصوصیات
یہ معلومات اردو تھیسارس کی ترتیب و تنظیم، اور اس کی خصوصیات کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
تھیسارس کیا ہے؟
مجموعۂ مترادفات
مجموعۂ مترادفات کی الفبائی ترتیب
مجموعۂ مترادفات کی معنوی تقسیم
اردو تھیسارس بیٹا ورژن کی ایک عارضی خامی کی نشاندھی
اردو تھیسارس ڈیٹابیس
تھیسارس کیا ہے؟
زبان میں ایک لفظ کے معنی ایک سے زیادہ الفاظ سے ادا ہوسکتے ہیں۔ مثلًا ، لفظ طاقت کے متبادل الفاظ قوت، زور، اور بل ہیں۔ وہ الفاظ جو ایک دوسرے کا بدل ہوں، یا اپنے معنی میں یکساں یا ایک دوسرے سے قریب ہوں، مترادفات کہلاتے ہیں۔ قوت، زور، اور بل لفظ طاقت کے مترادفات ہیں۔
زبان میں ایک لفظ کے ایک سے زیادہ معنی بھی ہوسکتے ہیں۔ مثلًا ، لفظ طاقت کے ایک معنی قوت اور دوسرے معنی مجال کے ہیں۔ لفظ طاقت ان دونوں معنی میں استعمال ہوتا ہے۔
تھیسارس وہ ذخیرہ ہے جس میں الفاظ کے مختلف مترادفات اپنے معنی کے مطابق ترتیب دیے گئے ہوں۔ مثال:
طاقت
معنی ۱: بل، زور، قوت
معنی ۲: تاب، قدرت، مجال
اوپر درج مثال میں لفظ طاقت کے مترادفات اس لفظ کے دونوں معنی میں دکھائے گئے ہیں۔
مجموعۂ مترادفات
کسی لفظ کے مترادفات کی فہرست ’مجموعۂ مترادفات‘ کہلاتی ہے۔ مثال:
طاقت
معنی ۱: بل، زور، قوت
معنی ۲: تاب، قدرت، مجال
اس مثال میں معنی نمبر ۱ میں بل سے قوت تک درج تین الفاظ کی فہرست ایک مجموعۂ مترادفات ہے۔ اسی طرح معنی ۲ میں تاب سے مجال تک درج تین الفاظ کی فہرست بھی ایک مجموعۂ مترادفات ہے۔
مجموعۂ مترادفات کی الفبائی ترتیب:
اردو تھیسارس میں مترادفات کو الفبائی ترتیب سے درج کیا گیا ہے، یعنی معنی اور عام استعمال کے لحاظ سے قریب ترین لفظ کا کسی مجموعۂ مترادفات میں سب سے پہلے درج ہونا ضروری نہیں۔ مثال :
طاقت
۱: بل، زور، قوت
اس مثال میں لفظ قوت، جو معنی کے لحاظ سے لفظ طاقت کے قریب تر ہے، الفبائی ترتیب کے مطابق تیسرے نمبر پر لکھا ہے، جبکہ بل اور زور بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر درج ہیں۔ اردو تھیسارس میں آئندہ کی جانے والی اصلاحات میں معنی اور عام استعمال کے لحاظ سے قریب ترین مترادف پر نشان لگادیا جائے گا۔
مجموعۂ مترادفات کی معنوی تقسیم:
۱۔ مجموعۂ مترادفات کی معنوی تقسیم میں کسی لفظ کے سب سے عام فہم معنی کا ترتیب میں پہلے درج ہونا ضروری نہیں۔ مثال:
مشکل
۱: تشویش، فکر
۲: دشواری، دقت
اوپر درج مثال میں دشواری یا دقت لفظ مشکل کے عام استعمال کیے جانے والے معنی ہیں جو دوسرے نمبر پر درج ہیں، جب کہ تشویش یا فکر پہلے لکھے گئے ہیں۔ آئندہ کی جانے والی اصلاحات میں عام فہم مترادفات کی موجودہ ترتیب بہتر اور واضح کی جائے گی۔
۲۔ اردو تھیسارس میں آپ کو ایسے مجموعۂ مترادفات بھی نظر آئیں گے جو معنی میں مماثل ہوں۔ اس کی وجہ یہ ادارتی فیصلہ تھا کہ تلاش کے دوران اردو تھیسارس ایک مکمل ترین فہرستِ مترادفات پیش کرسکے جس میں معنی کا ہر رنگ موجود ہو۔ اس فیصلے کے مطابق اردو تھیسارس میں الفاظ کو آپس میں اس طرح منسلک کیا گیا کہ ہر لفظ کا مترادف لفظ اور اُس مترادف لفظ کے اپنے مترادفات بھی پہلے لفظ کے ’ممکنہ مترادفات‘ کے طور پر نظر آئیں۔ مثال:
حواس
۱:
اوسان، بدھ، دھیان، سدھ، سدھ بدھ، ہوش، ہوش و حواس
۲: احساسات، حاسے
۳: ادراک، اوسان، سمجھ، شعور، عقل، فہم، ہوش
۴:
خبر، اوسان، بُدھ، سدھ، ہوش
۵:
دماغ، اوسان، ہوش، ہوش و حواس
اوپر دی گئی مثال میں اردو تھیسارس ڈیٹابیس نے لفظ
حواس تلاش کیا اور
اوسان،
خبر اور
دماغ مترادفات میں ملے۔ اردو تھیسارس نے
اوسان،
خبر اور
دماغ کے اپنے مترادفات کو بھی لفظ
حواس کے ’ممکنہ مترادفات‘ کے طور پر دکھایا۔ ان مجموعات میں
اوسان،
خبر اور
دماغ کو جلی حروف میں لکھا ظاہر کیا گیا اور الفبائی ترتیب بعد میں شروع ہوئی۔
اردو تھیسارس کی ترتیب کے اس اصول پر عمل سے مجموعۂ مترادفات میں معنی کے لحاظ سے صاف تفریق نہیں رہی اور وہ ایک دوسرے سے مماثل ضرور ہوگئے ، لیکن اس سے مترادفات کا ایک وسیع تر ذخیرہ حاصل ہوا جس سے مناسب لفظ کا انتخاب آسان ہوگیا۔ آئندہ کی جانے والی اصلاحات میں الفاظ کے ’معنی‘ اور ’ اجزائے کلام‘ کے زمروں کے اضافے سے یہ چناؤ مزید آسان ہوجائے گا، اور ترتیب بھی بہتر اور واضح طور پر پیش کی جائے گی۔
اگر اس اصول کے سوا کسی مجموعۂ مترادفات میں غلطی یا کوڈنگ کے نقص کے سبب آپ کو مترادفات اپنی الفبائی ترتیب میں نظر نہ آئیں تو براہِ مہربانی ہمیں بتائیے تاکہ ہم اس غلطی کو درست کرسکیں۔
اردو تھیسارس بیٹا ورژن کی ایک عارضی خامی کی نشاندھی:
بعض الفاظ اردو تھیسارس کے انٹرفیس اور ایپ میں مختلف صورتوں میں لکھے نظر آتے ہیں۔ اس خامی کی وجہ یہ ہے کہ اردو تھیسارس کی تیاری کے دوران، مختلف ماخذوں سےلیے گئے الفاظ جہاں اعراب کے ساتھ، اور جہاں بغیر اعراب کے لکھے پائے گئے وہ اُسی صورت میں ٹائپ ہوئے۔ مثال:
بلا توقف، بِلا توقف، بلا توقّف
کچھ الفاظ اپنے مروجہ املا کی مختلف صورتوں میں لکھے پائے گئے اور اُسی طرح اردو تھیسارس میں شامل ہوئے۔ مثال:
’طاقت ور‘ اور ’طاقتور‘
اردو تھیسارس میں اپنی تمام صورتوں میں موجود ان الفاظ کے معنی ملتے ہیں، اور آئندہ کی جانے والی اصلاحات میں اندراجات پر اعراب لگا دینے اور املا کی یکسانی سے یہ خامی دور ہوجائے گی۔ اس دوران کسی زحمت پر ادارہ آپ سے بہرحال معذرت خواہ ہے اور اِن خامیوں کی نشان دہی پر آپ کا مشکور ہوگا۔ رابطے کے لیے موبائل فون ایپ اور ویب سائٹ پر دیے گئے لنک استعمال کیجیے۔
اردو تھیسارس ڈیٹابیس
اردو تھیسارس کے موجودہ بیٹا ورژن میں مترادفات کا تقریباً پچاس فیصد ذخیرہ موجود ہے، اور اگلے مرحلے پر مزید ڈیٹا شامل کیا جائے گا۔ اردو تھیسارس کو کمپیوٹر یا اینڈروئڈ موبائل فون ایپ کے ذریعے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ آپ اپنے انگریزی کی بورڈ سے اردو تھیسارس کے تلاش کے خانے میں اردو لکھ سکتے ہیں۔ اگر آپ اردو کی بورڈ استعمال کرنا چاہیں تو ہمارا مشورہ ہے کہ آپ تلاش میں درست نتائج کے لیے سی۔ایل۔ای کا تیار کردہ کی بورڈ استعمال کریں، جسے
مفت ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ ویب سائٹ تک رسائی یا اردو تھیسارس موبائل فون ایپ کے استعمال میں کسی دشواری پر ہم سے
رابطہ کیجیے۔
اردو تھیسارس کتاب (پرائیوٹ) لمیٹڈ اور اردو پروجیکٹ کی شراکت سے پیش کی گئی۔ کاپی رائٹ © مشرف علی فاروقی ۲۰۱۱۔۲۰۱۶