ارکان

مدیر
مشرف علی فاروقی

ادارتی مشاورتی بورڈ
(الفبائی ترتیب میں)
محمد سلیم الرحمان
مظہر محمود شیرانی
تحسین فراقی
معین نظامی

تکنیکی مشاورتی بورڈ
اویس اطہر

ادارتی معاونین
حمیرا اشرف
رفاقت علی شاہد



مدیر

مشرف علی فاروقی
مشرف علی فاروقی ایک ناول نویس، داستان شناس اور ترجمہ نگار ہیں، اور  لوک روایات اور کلاسیکی  متون میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔ فاروقی نے اردو کلاسیکی متون’داستانِ امیر حمزہ‘  اور ’طلسم ہوش ربا،‘ اور اردو کے عصری شاعر افضال احمد سید کی شاعری کا ترجمہ  کیا ہے۔ فاروقی اشاعتی ادارے کتاب (پرائیوٹ) لمیٹڈ کے سربراہ ہیں۔ ان کے بارے میں مزید معلومات ان کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔


ادارتی مشاورتی بورڈ

محمد سلیم الرحمان
محمد سلیم الرحمان مدیر، نقاد، داستان شناس، مرتب اور مترجم ہیں۔ آپ کی ادبی خدمات میں کلاسیکی اردو کتب ’طلسم گوہر بار‘، ’ریاضِ دلربا‘، تواریخِ راسلس، میر باقر علی دہلوی کی ’کانا باتی‘ اور فراق دہلوی کی ’مضامینِ فراق‘ کی ادارت اور حاشیہ نویسی شامل ہیں ۔ آپ یونانی مشاہیرِ ادب پر اہم کتاب ’مشاپیرِ اَدب‘ تصنیف کر چکے ہیں۔ اُن کے معروف اَدبی تراجم میں ’جہاں گرد کی واپسی،‘ ’کارل اور اینا‘ اور ’خلا نوردوں کے افسانے‘ شامل ہیں ۔ محمد سلیم الرحمان ادبی جریدے، ’سویرا‘ کے طویل مدت سے شریک مدیر بھی ہیں۔

مظہر محمود شیرانی (پی ایچ ڈی اردو)
ڈاکٹر شیرانی اردو اور فارسی زبان کے عالم ہیں۔’حافظ محمود شیرانی کی علمی اور ادبی خدمات‘ (۲ جلدیں) آپ کی عالمانہ تصنیف ہے۔ آپ نے ’مقالاتِ حافظ محمود شیرانی‘ (۱۰ جلدیں)، ’مکاتیبِ حافظ محمود شیرانی،‘ اور ’حافظ محمود شیرانی (کتابیات)‘ وغیرہ کی ادارت ، نیز ’معرباتِ رشیدی‘ کی ادارت اور ترجمہ کیا ہے۔ آپ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، لاہور کے شعبہ فارسی کی مجلسِ تالیف میں شامل ہیں جو پانچ جلدی فارسی سےاردو فرہنگ، جس کی بنیاد جامع فارسی لغت، ’لغت نامہ دھخدا‘ پر رکھی گئی ہے، تیارکر رہی ہے ۔

تحسین فراقی (پی ایچ ڈی، اردو)
ڈاکٹر فراقی مجلسِ ترقیِ ادب کے ناظم ہیں۔ آپ اورینٹل کالج، جامعہ پنجاب کے شعبۂ اردو کے سربراہ کی حیثیت سے سبکدوش ہوئے ۔ ڈاکٹر فراقی معروف مصنف، اقبال و غالب شناس، نقاد، محقق،شاعر، اور ترجمہ نگار ہیں۔ اُن کی علمی کتابوں میں ’عبد الماجد دریا آبادی؛ حیات و خدمات‘، ’اقبال؛ چند نئے مباحث،‘ ’غالب؛ فکر و فرہنگ‘، اقبال کے مضمون 'مطالعہ بیدل فکرِ برگساں کی روشنی میں، کی ترتیب و ترجمہ اور ترجمہ شدہ مضامین کا مجموعہ ’فکریات‘ نمایاں ہیں۔  آپ ادبی جریدوں  ’مباحث‘ اور ’مخزن‘ کے مدیر، اور مجلسِ ترقیِ ادب لاہور کے سہ ماہی ’صحیفہ‘  کے مدیرِ اعلیٰ ہیں۔

معین نظامی (پی ایچ ڈی، فارسی)
ڈاکٹر نظامی جامعہ پنجاب اور دیگر اداروں میں فارسی کے استاد رہے ہیں۔ آپ کی تحقیقی دلچسپیوں میں کلاسیکی اور جدید فارسی ادب، اسلامی فنون، جنوبی ایشیا میں صوفی نظام، ایران، وسطی ایشیا، افغانستان، ترکی اور برصغیر کا مشترکہ ثقافتی ورثہ، ادبی تراجم، مطالعاتِ رومی اور مطالعاتِ اقبال شامل ہیں۔ فی الوقت آپ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے شعبہ سماجی علوم و انسانیات کے مشتاق احمد گورمانی مرکز زبان و ادب سے منسلک ہیں۔ آپ محمد حسین آزاد کی فارسی-اردو لغت ’لغتِ آزاد‘ کے مدیر ہیں۔ آپ کی اردو شاعری کے چار مجموعے شائع ہوچکے ہیں ۔



تکنیکی مشاورتی بورڈ

اویس اطہر (پی ایچ ڈی)

ڈاکٹر اطہر کیمبرج یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی اور کمپیوٹر اسپیچ، ٹیکسٹ اور انٹرنیٹ ٹیکنالوجی میں ایم فل کرچکے ہیں۔ آپ کا تحقیقی کام نیچرل لینگویج پراسیسنگ اور معلومات کی بازیافت سے متعلق ہے۔ آپ یورپین بائیوانفارمیٹکس انسٹی ٹیوٹ کے وسیع حیاتیاتی ڈیٹابیس کے سوفٹ ویئر کی تیاری کے منصوبے پر کام رہے ہیں۔ سنہ ۲۰۱۲ سے ۲۰۱۴ تک آپ فاسٹ نیشنل یونیورسٹی، لاہور میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ آپ سوفٹ ویئر انڈسٹری میں بارہ سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں، جس میں ای کامرس، سی آر ایم، ای آر پی، انڈسٹریل آٹومیشن، تھری۔ڈی گرافکس، ڈیٹا کی ذخیرہ کاری، سماجی نیٹ ورکس، اور موبائل ایپ جیسے متنوع شعبے شامل ہیں۔



ادارتی معاونین

حمیرا اشرف
حمیرا اشرف ایک مدیر اور ترجمہ نگار ہیں۔انھوں نے پنجاب یونیورسٹی سے اردو ادب میں اور ایجوکیشن یونیورسٹی لاہور سے علم التعلیم (برائے ثانوی درجات) میں ایم اے کی اسناد حاصل کررکھی ہیں۔ وہ مرکزِ تحقیقاتِ اُردو ( سینٹر فار ریسرچ، اُردو لوکلائزیشن پراجیکٹ، CRULP) سے بطور معاون لسانیات منسلک رہیں جہاں انھوں نے NOKIA کے اردو سافٹ ویئر پراجیکٹ کے لیے بین الاقوامی صوتی علامات کے ذریعے اردو الفاظ (بشمول اسمائے معرفہ و حروف عطف و جار و تخصیص و فجائیہ) کے درست تلفظ کی تیاری میں حصہ لیا۔ وہ الیکٹرانک گورنمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے زیر انتظام بننے والی پہلی آن لائن اُردو لغت کی تیاری میں بھی شامل رہیں۔ وہ اوکسفرڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے شعبہ لغات سے بطور مدیرہ منسلک رہی ہیں جہاں وہ اُردو سے انگریزی لغت کےلیےبین الاقوامی صوتی علامات میں تلفظ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ذو لسانی انگریزی سے اردو اور اردو سے انگریزی لغات کی ترتیب، تالیف اور ادارت کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔

رفاقت علی شاہد (پی ایچ ڈی، اردو)
ڈاکٹر شاہد ایک معلم، اور مدیر ہیں جو علم تحقیق سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہ اردو کلاسیکی نثر، شاعری، ناقدانہ تحقیق اور ادبی تاریخ سے متعلق متعدد تصانیف کے مالک ہیں۔ ڈاکٹر شاہد ۲۰۱۴ سے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے شعبہ سماجی علوم و انسانیات کے مشتاق احمد گورمانی مرکز زبان و ادب سے کُل وقتی ریسرچ اسکالر کے طور پر منسلک ہیں ، جہاں آپ کی ذمہ داریوں میں کلاسیکی متون کی ادارت شامل ہے۔ گورمانی مرکز سے آپ کی ادارت شدہ پہلی کتاب ’تذکرۃ النساے نادری‘ شائع ہوچکی ہے جو اردو اور فارسی کی خواتین شعرا کے کلام کا انتخاب ہے۔ آپ اردو کلاسیکی متون، اور انیسویں صدی کے اردو ادب کا گہرا علم رکھتے ہیں، جو آپ کے پی ایچ ڈی مقالے کا موضوع بھی تھا۔


اردو تھیسارس ’کتاب (پرائیوٹ) لمیٹڈ‘ اور ’اردو پروجیکٹ‘ کی شراکت سے پیش کی گئی۔ کاپی رائٹ © مشرف علی فاروقی ۲۰۱۱۔۲۰۱۶۔ جملہ حقوق محفوظ ہیں۔