اردو تھیسارس کا تعارف
اردو تھیسارس کا BETA یا ’آزمائشی‘ ورژن جو ۱۶ جولائی ۲۰۱۶ کو انٹرنیٹ اور موبائل فون کے لیے جاری کیا گیا، پانچ سال کی مدت میں تیار ہوا۔ ویب سائٹ اور ایپ کے ذریعے اُردو تھیسارس کے موجودہ ورژن میں چالیس ہزار سے زائد الفاظ اور بیس ہزار سے زائد مترادفات کے مجموعے ڈھونڈے جاسکتے ہیں۔ اردو زبان اور الفاظ کے ایک ماخذ کے طور پراس کو بہتر بنانے کا عمل مسلسل جاری ہے۔ اپنی موجودہ حالت میں یہ محض مترادفات کے ایک حصے پر مشتمل ہے، لیکن مستقبل میں اُردو اور ذولسانی لغات کے علاوہ، اس میں متضادات، محاورات، اور ضرب الامثال کا اضافہ بھی کیا جائےگا۔ اردو تھیسارس کے استعمال کی ہدایات
یہاں پڑھی جاسکتی ہیں۔
میں ماہرین اردو ادب و لسانیات جناب ڈاکٹر تحسین فراقی، ڈاکٹر معین نظامی، محمد سلیم الرحمان، اور ڈاکٹر مظہر محمود شیرانی کا مشکور ہوں کہ انھوں نے مستقبل میں اس علمی منصوبے کی ہدایت کے لیے ادارتی مشاورتی بورڈ میں شمولیت کی میری درخواست قبول فرمائی۔ اس اردو تھیسارس میں موجود کسی بھی غلطی، نقص یا سہو کا میں بہرحال خود ذمے دار ہوں۔
میں ڈاکٹر اویس اطہر کا ممنون ہوں جنہوں نے از حد خلوص اور نہایت محنت سے اردو تھیسارس کے آن لائن ڈیٹابیس اور موبائل ایپ کی تیاری میں مدد دی۔ انھوں نے مختلف مراحل میں بھیجے جانے والے میرے متعدد سوالات پر رہنمائی کی، اور ڈیٹا کی ترتیب و تنظیم، موبائل ایپ کی خامیاں دور کرنے، اور اس کو استعمال میں سہل بنانے کے لیے مطلوبہ سہولیات فراہم کیں۔
میں اردو تھیسارس کی ایڈیٹنگ اور پروف ریڈنگ کی ذمہ داری سے انجام دہی پر محترمہ حمیرا اشرف اور ڈاکٹر رفاقت علی شاہد کا مشکور ہوں۔ جناب عثمان عابد اور محمد شعیب کا شکریہ بھی واجب ہے جنھوں نے محنت اورباریک بینی سے تمام الفاظ کا اندراج کیا۔
زبان اور الفاظ کے کسی بھی ماخذ کی طرح اردو تھیسارس کی تالیف میں بھی متعدد اردو لغات اور مستند حوالہ جاتی کتب سے استفادہ کیا گیا ہے، لیکن اس اردو تھیسارس میں موجود ذخیرہ الفاظ کی ترتیب و تنظیم منفرد ہے اور اس کے کاپی رائٹ اور جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ مآخذ کی کتابیات اس منصوبے کی تکمیل پر جاری کی جائے گی۔
لائسنسنگ اور ڈیٹا ڈاؤنلوڈ کے بارے میں معلومات کے لیے ادارے کی ای میل کے ذریعے رابطہ کیجیے۔
اردو تھیسارس ایک مفت تعلیمی سروس کے طور پر پیش کی جارہی ہے۔ ادارہ اس کے ڈیزائن، خصوصیات اور مندرجات میں بہتری کے لیے آپ کی تجاویز اور سفارشات سے مستفید ہو گا۔ اردو تھیسارس اور اس کی انفرادی اندراجات سے متعلق اپنے تبصروں کے لیے، ویب سائٹ اور موبائل فون ایپ میں دیے گئے لنک کے ذریعے براہِ مہربانی ہم سے
رابطہ کیجیے۔ ادارہ آپ کے تجربے کے بارے میں جاننا چاہتا ہے اور آپ کے تعاون اور
معاونت کا شکریہ ادا کرتا ہے۔
مخلص،
مشرف علی فاروقی
مدیر، اردو تھیسارس
۱۶ جولائی ۲۰۱۶
اردو تھیسارس ’کتاب (پرائیوٹ) لمیٹڈ‘ اور ’اردو پروجیکٹ‘ کی شراکت سے پیش کی گئی۔ کاپی رائٹ © مشرف علی فاروقی ۲۰۱۱۔۲۰۱۶۔ جملہ حقوق محفوظ ہیں۔